سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو میڈرڈ میں ناروے کے ہم منصب ایسپن بارتھ ایدے سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ ملاقات غزہ کی صورتحال پر تشکیل دی گئی وزارتی کمیٹی کے توسیعی اجلاس کے موقع پر ہوئی جس میں میڈرڈ گروپ اور متعدد یورپی ملکوں کے نمائندے شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب اور ناروے کے تعلقات،علاقائی و بین الاقوامی صورتحال خاص طور پر غزہ اور مغربی کنارے کے حالات اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سپین میں سعودی سفیر ھیفا بنت عبدالعزیز آل مقرن، وزیرخارجہ کے سیاسی امور کے مشیر شہزادہ مصعب بن محمد الفرحان اور وزرت خارجہ کی مشیر ڈاکٹر منال رضوان بھی موجود تھیں۔
یاد رہے کہ وزارتی کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی صورتحال، جنگ رکوانے اور غزہ میں انسانی مصائب کے خاتمے کےلیے بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دو ریاستی حل سے متعلق اعلی سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں پر بھی بات چیت ہوگی جو سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں آئندہ ماہ جون میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہو رہی ہے۔