Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے مہرآباد ایئرپورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیرداخلہ اسکندر مومنی، ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلیٰ سفارتی اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق ائیرپورٹ پر وزیراعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔‘
وزیراعظم کا یہ دورہ ان کے چار ملکی سفارتی دورے کا حصہ جس کے تحت انہوں نے ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان جانا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو ترکیہ کے دارالحکومت استبول پہنچنے تھے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردوغان سے ملاقات کی تھی۔
دورۂ ایران میں وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی, وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی شامل ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’وزیراعظم ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے سعدآباد پیلس تہران پہنچیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جسے پاکستان ٹیلی وژن نشر کرے گا۔‘
اس کے بعد وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی ایرانی صدر اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہو گی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستان پر انڈیا کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی حمایت و جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کے لیے  وزیراعظم ایرانی صدر و عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کریں گے جہاں دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہو گی۔‘
وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

 

شیئر: