عازمین حج کو ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال
سعودی وزیر کو عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بتایا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرکمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئرعبداللہ السواحہ نے حج سیزن کے حوالے سے عازمین حج کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے والی الاتصالات کمپنی ’موبائلی‘ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔
سعودی خبررساں ادارے’ایس پی اے‘ کے مطابق مکہ مکرمہ میں دورے کے موقع پر وزیر کو کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے مفصل طورپر آگاہ کیا۔
الاتصالات کمپنی ’موبائلی‘ کے سی ای او انجینئرنزار بانبیلہ نے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بتایا۔
کمپنی مصنوعی ذہانت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال سے سروسز فراہم کر رہی ہے۔
ٹیلی کمیونیکشن سروسز میں بہتری کے لیے کمپنی نے ماہرین کی ٹیموں کو بھی تعینات کیا ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ اس سال کمپنی نے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو مزید وسیع کیا ہے تاکہ نیٹ ورک کو مزید مضبوط کیا جائے۔
’فائیو جی‘ نیٹ ورک کی گنجائش میں مزید اضافے کے لیے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں ’این 41 ‘ ویوز کو 100 فیصد تک بڑھانے کے لے لیے ٹاورز کی تعداد میں بھی 63 فیصد تک اضافہ کیا گیا تاکہ حجاج ’فائیو جی ‘ کی سہولت سے مستفیض ہو سکیں۔
موبائلی کمپنی نے مشاعر مقدسہ میں نیٹ ورک کی رفتار اور بہتر کوریج کے لیے ڈیٹا نیٹ ورک میں 1.44 ٹیرا بائیٹ کا اضافہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں موبائلی کے سیلز پوائنٹس میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
