ابوظبی رصد گاہ میں ذو الحجہ کے چاند کی تصویر جاری
’امارات کے وقت کے مطابق صبح 11 بجے خصوصی آلات اور دور بینوں سے دیکھا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ابوظبی بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ذو الحجہ کے ہلال کی تصویر جاری کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نیا چاند آج منگل 27 مئی 2025ء کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 11 بجے خصوصی آلات اور دور بینوں سے دیکھا گیا ہے‘۔
’ چاند، سورج سے 5.5 درجے کے فاصلے پر تھا اوراس کی عمر 5 گھنٹے اور 22 منٹ تھی جبکہ موسم میں کچھ گرد وغبار تھا‘۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے واضح کیا ہے کہ ذوالحجہ کے آغاز کا باضابطہ اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے آج غروب آفتاب کے بعد رویت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
دوسری طرف سعودی ماہر فلکیات محمد بن ردہ الثقفی نے کہا ہے کہ ’ذوالحجہ کے ہلال کی پیدائش آج منگل کو صبح 6 بج کر 3 منٹ پر ہوئی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’نیا چاند، سورج غروب ہونے کے تقریباً 40 منٹ بعد ڈوبے گا‘۔
’اگر گرد و غبار، بادل یا دیگر رکاوٹیں نہ ہوں تو اسے کھلی آنکھ، دوربین اور ٹیلی اسکوپ کے ذریعے بآسانی دیکھا جا سکتا ہے‘۔