آج ذو الحجہ کا چاند دیکھا جائے گا: سپریم کورٹ
’آج مکہ مکرمہ میں چاند، سورج غروب ہونے کے 39 منٹ بعد غروب ہو گا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آج منگل 29 ذو القعدہ کو ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ’ام القری کلینڈر کے مطابق منگل 29 اپریل 2025 کو ذو القعدہ کی پہلی تاریخ تھی‘۔
’اس اعتبار سے آج منگل 27 مئی 2025 کو ذو القعدہ کی 29 تاریخ ہوگی‘۔
’’لہٰذا سپریم کورٹ سعودی عرب کے تمام مسلمانوں سے درخواست کرتی ہے کہ وہ مذکورہ تاریخ کی شام کو ذو الحجہ کا ہلال دیکھنے کی کوشش کریں‘۔
دوسری طرف بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کےسربراہ انجینیئر محمد شوکت عودہ نے کہا ہے کہ ’آج وسطی اور مغربی ایشیا، بیشتر افریقہ اور یورپ میں دور بین کی مدد سے چاند نظر آنے کا امکان ہے جبکہ شمالی و جنوبی امریکہ کے کئی حصوں میں چاند کو کھلی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے‘۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’توقع کی جا رہی ہے کہ کل بدھ 28 مئی کو ذوالحجہ کا پہلا دن ہوگا اور جمعہ 6 جون کو بیشتر اسلامی ممالک میں عیدالاضحی منائی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’آج مکہ مکرمہ میں چاند، سورج غروب ہونے کے 39 منٹ بعد غروب ہو گا‘۔