وزٹ ویزے پر حج کی کوشش کرنے والے 11 افراد گرفتار
’20 غیر قانونی عازمین کو مکہ لے جانے والے 6 شہریوں کو گرفتار کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
حج سیکیورٹی فورس نے وزٹ ویزے کے حامل 11 افراد کو سعودی ڈرائیور سمیت گرفتار کیا ہے جو مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حج سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’ضابطے کی کارروائی کی تکمیل کے لیے مذکورہ افراد کو متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے‘۔
دوسری طرف حج سیکیورٹی فورس نے 20 غیر قانونی عازمین کو مکہ لے جانے کی کوشش کرنے والے 6 شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر قید کے علاوہ ایک لاکھ ریال تک جرمانہ، خلاف ورزی کرنے والے کی تشہیر اور غیر ملکی ہونے پر بے دخلی کی سزا ہوگی‘۔
’غیر ملکی کو سزا مکمل ہونے کے بعد 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا‘۔
’ اس کے علاوہ ان گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا جو نقل و حمل کے لیے استعمال ہوئی ہیں‘۔
وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے ضوابط و ہدایات کی پابندی کریں تاکہ حجاج کرام اپنے مناسک کو امن و سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔