رواں سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سمارٹ فونز کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
اس نئی جاری ہونے والی فہرست میں اینڈرائیڈ سسٹم والے موبائل فونز اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں البتہ معروف موبائل ساز برینڈ ’سام سانگ‘ کی فروخت میں تنزلی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
مچھر بعض انسانوں کو زیادہ کیوں کاٹتے ہیں؟Node ID: 890117
’کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ‘ کی نئی جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون ایپل کا نیا ’آئی فون 16‘ رہا ہے۔
’آئی فون 16‘ سیریز کے تینوں ماڈلز ’آئی فون 16’، ’آئی فون 16 پرو میکس‘ اور ’آئی فون 16 پرو‘ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ گذشتہ سال کی نسبت ایک معمولی تبدیلی ہے، گزشتہ برس ’آئی فون 15 پرو میکس‘ سرفہرست تھا۔
فہرست میں چوتھے نمبر پر ’آئی فون 15‘ اور دسویں نمبر پر ’آئی فون 16 پلس‘ موجود ہیں جبکہ فہرست کے باقی نمبرز اینڈرائیڈ موبائل ڈیوائسز پر مشتمل ہیں۔
سال 2025 میں اب تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اینڈرائیڈ فون سام سنگ کا رہا ہے جو کہ کوئی خاص حیران کن نہیں ہے تاہم گزشتہ برس کی طرح اس بار زیادہ فروخت ہونے والے موبائل فونز میں سام سانگ کا فلیگ شپ ماڈل نہیں تھا۔
سال 2025 میں اب تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اینڈرائیڈ موبائل فون ’سام سانگ اے 16‘ ہے جس کی قیمت 199 ڈالرز ہے، اس کے بعد ’سام سانگ گلیکسی اے 16 فائیو جی‘ اور اس کے بعد ’سام سانگ گلیکسی ایس 25 الٹرا‘ ہے۔
اس فہرست میں ایپل اور سام سنگ کے علاوہ صرف ایک اور برانڈ شامل ہے اور وہ ہے ’ریڈمی‘۔ موبائل ساز کمپنی ریڈمی کا ’ریڈمی 14 سی فائیو جی‘ آٹھویں نمبر پر رہا، اس نے ’سام سنگ گیلیکسی اے 55‘ اور ایپل کے ’آئی فون 16 پلس‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں سام سنگ نے ٹاپ 10 کی فہرست میں اپنی ایک جگہ ’ریڈمی‘ کو دے دی ہے جبکہ دوسری طرف اس بار فہرست میں اس کی کم تعداد میں پریمیم ڈیوائسز شامل ہو پائی ہیں۔
جہاں سنہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں ’گیلیکسی ایس 24 الٹرا‘ سب سے زیادہ مقبول ڈیوائس تھی اور ’گیلیکسی ایس 24‘ بھی ٹاپ 10 میں شامل تھا اس بار ’گیلیکسی ایس 25 الٹرا‘ فہرست میں نیچے چلا گیا ہے اور ’گیلیکسی ایس 25‘ سیریز کی کوئی اور ڈیوائس ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکی ہے۔
’کاؤنٹرپوائنٹ‘ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک سو ڈالرز سے کم قیمت والے سمارٹ فونز کی ٹاپ 10 میں شمولیت میں اضافہ ہوا ہے.
اس تبدیلی کی ایک ممکنہ وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اس سال ’گیلیکسی ایس 25‘ سیریز کی فروخت کا دورانیہ پہلی سہ ماہی میں مختصر رہا جبکہ گزشتہ سال ’گیلیکسی ایس 24‘ سیریز زیادہ عرصے تک دستیاب رہی، تاہم اس وضاحت کے باوجود یہ حقیقت برقرار ہے کہ اس سال ریڈمی نے سام سنگ کی ایک جگہ پر قبضہ کر لیا ہے۔