Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں گداگری کے الزام میں 41 غیرملکی گرفتار، ہوٹل میں قیام پذیر تھے

ہوٹل کو ایک ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے (فوٹو: امارات الیوم)
دبئی پولیس نے گداگری کے منظم گروہ کے 41 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ عرب قومیت سے تعلق رکھنے والے یہ افراد دبئی کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔
وام کے مطابق یہ کارروائی جنرل ڈیپارٹمٹ آف کرمنل انویسٹی گیشن کے تحت ’المصباح‘ کے عنوان سے شروع کیے جانے والے ٹارگٹڈ سکیورٹی آپریشن کا حصہ  ہے۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے گروہ کے تمام افراد ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیر تھے جسے وہ منظم گداگری کی سرگرمیوں کے لیے ایک ٹھکانے کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ ان کے قبصے سے 60 ہزار درہم برآمد ہوئے ہیں۔
 کال سینٹر 901 پر ملنے والی ایک اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ بعض لوگ نماز کی تسبیح اور دیگر لوازمات کی فروخت کے دوران بھیک مانگتے نظر آئے ہیں۔
اس اطلاع پر مانیٹرنگ اینڈ اینالسز سیکشن نے اس مقام کی نگرانی شروع کی۔ تین عرب شہریوں کو اشیا کی فروخت اور لوگوں سے بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہیں موقع پر ہی حراست میں لیا گیا۔
 دوران تفتیش ملزمان نے ایک منظم گروہ کا حصہ ہونے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ وزٹ ویزے پر امارات میں داخل ہوئے اور ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔
بعدازاں ہوٹل انتظامیہ کے تعاون سے 28 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے  اگلے دن مزید 10 افراد کو اس وقت پکڑا گیا جب وہ ہوٹل سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔

Caption

تمام ملزمان نے گداگری کے لیے ایک منظم گروہ کے طور پر کام کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ امارات میں گداگری ایک جرم ہے، جس کی سزا 5 ہزار جرمانہ اور تین ماہ تک قید کی سزا ہے۔
گداگری کے لیے گداگروں کے گروپوں کو منظم کرنے یا امارات سے باہر بھرتی میں ملوث افراد کو چھ ماہ قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں اجازت نامے کے بغیر فنڈ جمع کرنے پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

 

 

شیئر: