Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی جوہری تباہی میں بدل سکتی تھی: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم نے انڈیا اور پاکستان کو جنگ سے روکا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ (جنگ) ایٹمی تباہی میں بدل سکتی تھی۔‘
اوول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میں انڈیا اور پاکستان کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور میں اپنے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم ان لوگوں کے ساتھ تجارت نہیں کر سکتے جو ایک دوسرے پر گولیاں برسا رہے ہوں اور ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار استعمال کر رہے ہوں۔ وہ ان ممالک کے عظیم رہنما ہیں اور وہ سمجھ گئے اور متفق ہو گئے اور یہ سب رُک گیا۔ ہم دوسروں کو بھی لڑنے سے روک رہے ہیں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ ہم کسی سے بھی بہتر لڑسکتے ہیں ہمارے پاس دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کے مختلف مقامات پر حملوں کے بعد پاکستان نے جواباً انڈیا میں کئی مقامات پر حملے کیے تھے۔
جس کے بعد سعودی عرب، امریکہ اور ترکی جنگ بندی کے لیے متحرک ہوئے تھے اور دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت کے بعد سنیچر کو جنگ بندی کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا تھا کہ جنگ بندی صرف اس وقت ممکن ہوئی جب انہوں نے دونوں ممالک کو پیغام دیا کہ امریکہ ان سے تجارت کرنے کو تیار ہے، بشرطیکہ وہ جنگ ختم کریں۔
صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’شروع میں سیز فائر کا کہا تو دونوں ممالک پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے، میں نے کہا ہم تمہارے ساتھ خوب تجارت کریں گے لیکن پہلے یہ سب بند کرو، اگر تم یہ بند کرتے ہو تو ہم تجارت کریں گے، اگر نہیں کرتے، تو کوئی تجارت نہیں ہوگی۔ لوگوں نے تجارت کو کبھی اس انداز میں استعمال نہیں کیا جس طرح میں نے کیا۔‘

 

شیئر: