وزٹ ویزے کے حامل افراد کو حج کرانے کا دعویدار گرفتار
’مکہ مکرمہ میں ایک رہائشی عمارت میں 14 غیر قانونی عازمین کو رہائش فراہم کر رکھی تھی‘ ( فوٹو: سبق)
حج سیکیورٹی فورسز نے ایک مصری تارک وطن کو گرفتار کیا ہے جووزٹ ویزا رکھنے والوں کو دھوکہ دے کر بغیر اجازت حج کرانے کے اشتہارات شائع کر رہا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کارروائی وزارت حج وعمرہ کے تعاون سے کی گئی ہے۔
حج سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نہ صرف وزٹ ویزا کے حامل افراد کو مکہ مکرمہ منتقل کرتا اور ان کی مدد کرتا تھا بلکہ مکہ مکرمہ میں ایک رہائشی عمارت میں 14 افراد کو رہائش بھی فراہم کر رکھی تھی‘۔
مذکورہ شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے اور اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو مقررہ سزائیں نافذ کرنے کے لیے متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔