Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب وزرا کو مغربی کنارے کے دورے سے روکنا اسرائیل کی انتہاپسندی: سعودی وزیرخارجہ

شہزادہ فیصل نے عمان میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ’ اسرائیلی حکومت کی جانب سے عرب وزرا کو مقبوضہ مغربی کنارے جانے کی اجازت دینے سے انکار اس کی’ انتہا پسندی اور امن کو مسترد کرنے‘ کو ظاہر کرتا ہے۔
عرب نیوز اور الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ عمان میں اردن، مصر اور بحرین کے ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا ’اسرائیل کی جانب سے وفد کو رام اللہ جانے کی اجازت دینے سے انکار اس کی انتہا پسندی کو ثابت کرتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’فلسطینی اتھارٹی ایک ایسے فریق کا سامنا کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے جو امن کی سنجیدہ کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ’ سعودی عرب صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کا حل قبول کرے گا۔ دوسرے ملکوں کو بھی اس حق کو تسلیم کرنا چاہیے۔‘
بحرینی وزیرخارجہ عبدالطیف بن راشد الزیانی نے کہا  عرب ممالک ایک جامع سفارتی پلان کے مطابق کام کررہے ہیں جس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی، تمام قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانا اور فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت ہے۔
 انہوں نے رواں ماہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں غزہ کے حوالے سے بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد پرسعودی عرب اور فرانس کا شکریہ ادا کیا۔
اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے کہا کہ’ اسرائیلی حکومت خطے میں امن کے تمام امکانات کو ختم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
عرب وزرائے خارجہ نے مغربی کنارے کے دورے سے روکنے اور امن کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کو اسرائیل کا ’متکبرانہ‘ فیصلہ قرار دیا اور اس کی مذمت کی۔
علاوہ ازیں غیرمعمولی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کی طرف سے غزہ پر وزارتی کمیٹی کے ارکان نے عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی۔
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے جاری کوشششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتی کمیٹی جس میں سعودی عرب، مصر، اردن اور بحرین کے وزرائے خارجہ شامل ہیں نےعرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ اتوار کو عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس اور ان کے نائب حسین الشیخ اور وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد مصطفی ٰ کے ساتھ بھی ویڈیو کانفرنس اجلاس کا انعقاد کیا۔
مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدرعبدالعاطی نے اردن کی خبررساں ایجنسی پیٹرا کو بتایا’ اردن اور مصر غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے تمام اسرائیلی منصوبوں کا سختی سے مقابلہ کریں گے۔‘

 

شیئر: