Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پنجاب میں ایئر پورٹس اور پاک فضائیہ کی ایئر بیسز کے گرد دفعہ 144 نافذ

صوبہ پنجاب میں ہوائی اڈوں اور ایئر بیسز کے گرد و نواح میں 15 کلومیٹر تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون/ لیزر لائٹ کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر پابندی عائد ہو گی۔
صوبہ بھر میں ان پابندیوں کا اطلاق 5 جون سے 20 جون تک ہو گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے، مذکورہ سرگرمیاں فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ اور فلائٹ سیفٹی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
پرندے کھلی آلائشوں کی جانب راغب ہوتے ہیں جو طیاروں اور مسافروں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنتے ہیں۔
 
 تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئر پورٹس اور گرد و نواح میں صفائی کے خاص انتظام کو یقینی بنائیں۔

بلوچستان میں دو کرروائیوں میں انڈین سپانسرڈ 7 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 2 جون کو بلوچستان میں دو الگ الگ کارروائیوں میں انڈین پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں انٹیلی جینس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔
فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ انڈین سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے
ضلع قلات کے جنرل ایریا مارگنڈ میں بھی انٹیلی جینس پر مبنی آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا اور اور فتنہ ال ہندوستان کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
بیان کے مطابق مارے گئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کی ایف آئی آر والدہ کی مدعیت میں درج

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کی ایف آئی آر ان کی والدہ کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ان کی والدہ نے مؤقف اپنایا کہ پیر کی شام پانچ بجے کے قریب ایک شخص اپنے گھر میں داخل ہوا اور  ان کی بیٹی ثنا یوسف کو نشانہ بناتے ہوئے دو فائر کیے۔
والدہ کے مطابق گولی ثنا یوسف کے سینے میں لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ محلے دار کی گاڑی میں ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔
والدہ کے مطابق ملزم نے کالی شرٹ اور پینٹ پہنی ہوئی تھی، درمیانہ قد اور سمارٹ جسامت تھی۔
والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی نند بھی اس وقت گھر میں موجود تھیں اور ملزم کی شناخت کر سکتے ہیں۔

 

شیئر: