نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹس 2025-26 کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستانی نژاد کرکٹر سمیت متعدد نئے چہرے شامل ہیں جبکہ بڑے نام باہر ہو گئے ہیں۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر مچل ہَے اور پاکستانی نژاد آل راؤنڈر محمد عباس ان چار نئے کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں 2025-26 کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ سال کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔
مزید پڑھیں
فاسٹ بولر زیک فولکس اور لیگ سپنر آدھی اشوک کو بھی پہلی بار قومی ریٹینر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں مجموعی طور پر 20 کھلاڑی شامل ہیں۔
کین ولیمسن نے اس بار کنٹریکٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹِم سیفرٹ اور لاکی فرگوسن بھی کنٹریکٹ لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ان کھلاڑیوں کے ساتھ عارضی بنیادوں پر کھیلنے کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
گزشتہ سال کے کنٹریکٹ ہولڈرز میں سے ایش سودھی، اعجاز پٹیل اور جوش کلارکسن اس فہرست سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ ٹِم ساؤتھی نے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں سے مچل ہَے نے رواں سال پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ناقابلِ شکست 99 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جبکہ محمد عباس نے اسی سیریز میں صرف 24 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ون ڈے ڈیبیو پر سب سے تیز ففٹی کا ریکارڈ قائم کیا۔
زیک فوکس اب تک دس ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں اور گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف انہوں نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ اشوک نے 2023 میں تین بین الاقوامی میچز کھیلے تھے، جبکہ وہ مارچ میں پاکستان کے خلاف سکواڈ کا حصہ بھی رہے۔ حالیہ دورہ بنگلہ دیش میں نیوزی لینڈ اے ٹیم کی جانب سے انہوں نے چار روزہ میچ میں 54 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور متاثرکن کارکردگی دکھائی۔
Congratulations to Muhammad Abbas, Adi Ashok, Zak Foulkes and Mitch Hay who have all accepted their first BLACKCAPS central contracts
Story | https://t.co/fPWWu82opD pic.twitter.com/DyAu66hsu4— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) June 3, 2025