آرامکو نے 5 ارب ڈالر کے بانڈز کا اجر مکمل کرلیا
تین اقسام پر مشتمل بانڈز کا اجرا بین الاقوامی میڈیم ٹرم بانڈ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی آرامکو نے کہا ہے کہ 5 ارب امریکی ڈالر مالیت کے بانڈز کا اجرا مکمل کر لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ بانڈز تین اقسام پر مشتمل ہیں اور یہ اجرا اس کے بین الاقوامی میڈیم ٹرم بانڈ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ’جاری ہونے والے بانڈ میں پہلی قسم 1.5 ارب امریکی ڈالر کے بانڈز ہیں جو 2030 میں واجب الادا ہوں گے اور جن پر منافع کی شرح 7.75 فیصد ہے‘۔
’دوسری قسم 1.25 ارب امریکی ڈالر کے بانڈز ہیں جو 2035 میں واجب الادا ہوں گے اور ان پر 5.375 فیصد منافع کی شرح مقرر ہے‘۔
’جبکہ تیسری قسم کے بانڈز 2.25 ارب امریکی ڈالر کے ہیں جو 2055 میں واجب الادا ہوں گے اور جن پر منافع کی شرح 6.375 فیصد ہے‘۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ ان بانڈز کی قیمت گزاری 27 مئی 2025ء کو کی گئی اور یہ لندن اسٹاک ایکسچینج میں جاری کیے گئے۔