عمرہ ویزے کے لیے کنفرم ہوٹل بکنگ لازمی، نسک ایپ سے ڈیجیٹل تصدیق ہو گی
وہی ہوٹل قابل قبول ہوں گے جو وزارت سیاحت میں رجسٹرڈ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’عمرہ ویزے کے لیے کنفرم ہوٹل بکنگ بنیادی شرط ہے جس کی تصدیق ’نسک‘ پلیٹ فارم سے ہونا ضروری ہے۔‘
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے وزارت سیاحت کے اشتراک سے سال 1447 ہجری کے عمرہ ضوابط کا اعلان کیا ہے جن میں عمرہ زائر کے لیے لازمی ہے کہ انہیں مملکت میں موجود وزارت سیاحت کے لائسنس یافتہ ہوٹلز میں کمرے کی بکنگ کرانی ہو گی جس کے بغیر عمرہ ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔‘
ہوٹل بکنگ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی جن میں صرف وہی ہوٹل قابل قبول ہوں گے جو وزارت سیاحت میں رجسٹرڈ ہیں۔ رہائشی ایگریمنٹ کی ڈیجیٹل تصدیق نسک پلیٹ فارم پر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزوں کا اجرا 14 ذی الحجہ 1446 ہجری سے کیا جا رہا تاہم عمرہ پروگرام کو منظم بنانے اور زائرین کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت نے کنفرم ہوٹل بکنگ کی شرط عائد کی ہے۔
وزارت نےعمرہ کمپنیوں اور ٹور آپریٹرز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 27 مئی تک اپنے سروس معاہدوں کو حتمی شکل دے دیں۔
عمرہ ویزے ماہ رمضان کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں۔ یکم شوال سے عمرہ ویزے بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزا ہولڈرعمرے کےلیے 15 شوال 1447 ہجری تک مملکت آسکتے ہیں۔
عمرہ ویزوں پر مملکت آنے والوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔
