Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل پر حملے روکنے میں مدد؛ ایران کی امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو تنبیہ

ایران نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے اسرائیل پر تہران کے حملے روکنے میں مدد کی تو خطے میں ان کے اڈوں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی نے سنیچر کو رپورٹ کیا کہ ایرانی دارالحکومت تہران میں ایک ہاؤسنگ کمپلیکس پر اسرائیلی حملے میں 20 بچوں سمیت 60 کے قریب افراد مارے گئے۔
ایران کی فارس خبر رساں ایجنسی نے سنیچر کو ایرانی فوجی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کے حملے جاری رہیں گے، جس میں آنے والے دنوں میں خطے میں امریکی اڈوں کو شامل کرنے کے اہداف کو وسعت دی جائے گی۔
فارس نے سینیئر فوجی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ تصادم کل رات کی محدود کارروائیوں سے ختم نہیں ہوگا اور ایران کے حملے جاری رہیں گے، اور یہ کارروائی جارحیت کرنے والوں کے لیے بہت تکلیف دہ اور افسوسناک ہوگی۔‘
ایرانی نیوز ایجنسی نے سینیئر فوجی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے مزید رپورٹ کیا کہ جنگ ’آنے والے دنوں میں اس (اسرائیلی) حکومت کے زیر قبضہ تمام علاقوں اور خطے میں امریکی اڈوں تک پھیل جائے گی۔‘
سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کی فضائی حدود کو اگلی اطلاع تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا کہ ’مسافروں کی حفاظت کے لیے ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ پر کوئی پرواز نہیں چلائی جائے گی۔‘
ایران نے سنیچر کی صبح تک اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کیے جن میں کم از کم تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

ایران کے سفیر نے بتایا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں 78 افراد ہلاک اور 320 سے زائد زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات اور فوجی قیادت پر بڑے پیمانے پر حملے کے جواب میں تہران نے جمعے کی شب اسرائیل پر درجنوں میزائل داغے۔
دھماکوں کی آواز پورے یروشلم میں سُنی گئیں اور اسرائیلی ٹی وی چینلز نے ویڈیوز نشر کیں جن میں بظاہر میزائل حملے کے بعد تل ابیب میں دھوئیں کے بادل اُٹھتے دیکھے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق 60 قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے جمعے کو بتایا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں 78 افراد ہلاک اور 320 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل جمعے کی علی الصبح اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر حملوں میں ملک کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کم از کم دو اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو ہلاک کر دیا۔

 

شیئر: