متعدد شہروں میں 50 ڈگری گرمی کی وجہ سے یلو الرٹ جاری
’مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت ساحلی پٹی میں گرمی کے ساتھ گرد و غبار رہے گا‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے متعدد شہروں میں گرمی کی شدید لہر کے باعث یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے مشرقی ریجن کے رہائشیوں کو خصوصی طور پر انتباہ کیا ہے کہ وہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک گرمی سے بچنے کی کوشش کریں۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا قوی امکان ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی گرمی 48 اور47 ڈگری کے درمیان رہے گی‘۔
’اس سے ملتی جلتی کیفیت ریاض شہر کے علاوہ ریجن کے متعدد شہروں میں ہوگی جہاں گرمی 47 اور48 ڈگری کے درمیان رہے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ادھر مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت ساحلی پٹی میں گرمی کے ساتھ گرد و غبار رہے گا‘۔
’گرد وغبار کے باعث حد نگاہ ایک کلو میٹر تک محدود رہے گا جبکہ یہ کیفیت رات 9 بجے تک ہوگی‘۔
’مدینہ منورہ میں تیز ہوا چلے گی جس کی رفتار 49 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔