’اُداس مسکراہٹ سے استقبال‘، روینہ ٹنڈن کا ایئر انڈیا کی پرواز پر سفر
’اُداس مسکراہٹ سے استقبال‘، روینہ ٹنڈن کا ایئر انڈیا کی پرواز پر سفر
منگل 17 جون 2025 12:59
ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ 12 جون کو گر کر تباہ ہو گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
احمد آباد میں گر کر تباہ ہونے کے بعد ایئر انڈیا کو مشکلات کا سامنا ہے اور لوگ اس کا ٹکٹ لینے سے کترا رہے ہیں تاہم بالی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے نہ صرف اس میں سفر کیا بلکہ اس کی تصاویر بھی بنائیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اداکارہ نے ایئر انڈیا کا ٹکٹ خریدا تھا۔ انہوں نے ٹکٹ کے علاوہ جہاز کے اندر عملے کے ساتھ اور سفر کے دوران سیٹ پر بیٹھے ہوئے لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
انہوں نے جہاز کے اندر کے ماحول کے حوالے سے لکھا کہ ’سٹاف ارکان نے مسکراہٹوں کے ساتھ استقبال کیا مگر ان میں اداسی کی جھلک بھی تھی۔‘
12 جون کو حادثے سے دوچار ہونے والے ایئر انڈیا کے جہاز میں تقریباً 280 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس پر پورا ملک ہی دکھی ہے تاہم ایسے وقت میں کچھ سلیبریٹیز ایئر انڈیا کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
روینہ ٹنڈن سے قبل اداکار ویر داس نے بھی جہاز پر سفر کیا اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس کے سٹاف کو ’بیسٹ کریو ان دی سکائی‘ قرار دیا تھا۔
روینہ ٹنڈن نے اپنی تصویروں کی سیریز کے ساتھ لکھا کہ ’ایک نئی شروعات، تمام مشکلات کے بعد دوبارہ اٹھنا اور اڑنا زیادہ طاقت اور نئے عزم کے ساتھ۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’خاموش مسافروں اور عملے کے درمیان تعزیت کے ماحول کے علاوہ ایک لطیف بندھن کا اعتماد بھی دکھائی دیا۔‘
روینہ ٹنڈن نے ان خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا جنہوں نے سانحے میں اپنے پیاروں کو کھویا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک ایسا زخم ہے جو کبھی مندمل نہیں ہو گا۔‘
انہوں نے فضائی کمپنی کے لیے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدا اسے ہمیشہ بلندیوں پر رکھے اور مزید مضبوط ہو کر ابھرے، جے ہند‘
اس سے قبل ایئر انڈیا پر سفر کرنے والے کامیڈین اور اداکار ویر داس نے بھی اپنے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کی تھیں۔
چند روز پیشتر کامیڈین ویر داس نے بھی ایئر انڈیا پر سفر کی سٹوری سوشل میڈیا پر ڈالی تھی (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انہوں نے ایئرلائن کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مرنے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت بھی کی تھی۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’وہ بہت سے خاندانوں کے لیے ایک دکھ بھرا دن تھا اور ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ میں نے ساری زندگی ایئر انڈیا میں بہت سفر کیا ہے، یہ کوئی ایسی ایئرلائن نہیں جس میں کوئی پریشانی نہیں ہو لیکن میں اس کے عملے کو آسمانوں کا بہترین ساتھی قرار دیتا ہوں۔ امید ہے جلد ہی مزید لوگ بھی اس پر سفر کریں گے۔‘
ویر داس اور روینہ ٹنڈن کی پوسٹس پر فینز خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کو سب کے جذبات کا عکس قرار دے رہے ہیں۔