Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عائشہ خان کا انتقال، ’کچھ لوگ ذہن پر نہ مٹنے والے نقوش چھوڑ جاتے ہیں‘

پولیس کے مطابق اداکارہ عائشہ خان کی موت طبعی لگتی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
پی ٹی وی کی سینیئر اداکارہ عائشہ خان اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں اور ان کی لاش ایک ہفتے کے بعد ملی تھی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں فلیٹ سے ایک ہفتہ پرانی لاش ملی۔
پولیس نے کہا کہ اداکارہ عائشہ خان تنہا رہائش پذیر تھیں اور پولیس کو تعفن کی اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے عدنان چوہدری کی درخواست پر فلیٹ کا دروازہ توڑا۔
اداکارہ عائشہ خان کی موت پر پولیس کا ابتدائی بیان سامنے آ گیا ہے جس کے مطابق ان کی موت طبعی لگتی ہے، حتمی رائے میڈیکل رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
پولیس نے عائشہ خان کے رشتے داروں اور پڑوسیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے ہیں اور موت کی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہو گی۔
 عائشہ خان نے پی ٹی وی کے مشہور ڈراموں ’عروسہ‘ اور ’آنچ‘ میں کام کیا اور وہ معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔
 عائشہ خان کے انتقال پر شوبز اور دیگر حلقوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکار عدنان صدیقی نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’دنیا میں ایسے لوگ ہیں جن سے آپ اپنے سفر کے اوائل میں ملتے ہیں اور وہ آپ کے ذہن پر خاموش لیکن دیرپا نقوش چھوڑ جاتے ہیں۔ میرے نزدیک عائشہ خان صاحبہ ان لوگوں میں سے ایک تھیں۔‘
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ ’میں ان کے ڈرامے دیکھتے ہوئے جوان ہوا، دل ٹوٹ گیا ہے۔‘
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے لکھا کہ ’سینیئر اور نامور اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر گہرا رنج ہوا۔ فن اور کارکردگی کی دنیا میں ان کی خدمات کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ ’یہ سن کر دل دہل گیا کہ لیجنڈ اداکارہ عائشہ خان اپنے فلیٹ میں تنہا انتقال کر گئیں۔ کوئی خاندان، کوئی دوست، کوئی پڑوسی دستک دینے کے لیے نہیں تھا۔ یہ صرف افسوسناک نہیں ہے، یہ اس بات کا عکاس ہے کہ ہم سب کتنے دور ہو چکے ہیں۔‘
محمد شاہ زین نے لکھا کہ ’کئی دہائیوں کی ناقابل فراموش پرفارمنس کے ساتھ لیجنڈ اداکارہ عائشہ خان انتقال کر گئیں۔ وہ پاکستانی ٹیلی ویژن کا ایک ستون تھیں۔ اس کا ہنر اور میراث ہمیشہ زندہ رہے گی۔‘

 

شیئر: