Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے تین جوہری مقامات پر امریکی بمباری، اب امن کا وقت ہے: ٹرمپ

امریکی صدر کا کہنا تھا’ فردو پر بموں کا’ فل پے لوڈ‘ گرایا گیا ( فوٹو:عرب نیوز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو رات گئے کہا ہے کہ’ امریکی فوج نے ایران میں تین مقامات پر حملے کیے ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق ایران کے جوہری مقامات پر حملے کے بعد امریکہ براہ راست اسرائیل کی اس کوشش میں شامل ہوگیا جس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنا ہے۔ یہ ایک خطرناک قدم ہے۔
ایران نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے جس سے یہ تنازع پھیل سکتا ہے۔
امریکہ کی جانب سے براہ راست جنگ میں ملوث ہونے کا فیصلہ اسرائیل کے ایران پر ایک ہفتے سے جاری حملوں کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مقصد ایران کے فضائی دفاعی نظام اور میزائل صلاحیتوں کو ختم کرنا اور اس کے یورینیئم افزودگی کے مراکز کو نقصان پہنچانا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا ’ہم نے ایران میں تین جوہری مقامات پر بہت کامیاب حملے مکمل کر لیے، جن میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔ تمام طیارے اب ایران کی فضائی حدود سے باہر ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا’ فردو پر بموں کا’ فل پے لوڈ‘ گرایا گیا اور تمام طیارے امریکہ واپس جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے لکھا ’عظیم مسلح افواج کو مبارک ہو۔ دنیا کی کوئی دوسری فوج ایسا نہیں کرسکتی۔ انہوں نے آخر میں لکھا اب امن کا وقت ہے۔‘
بعد ازاں ٹرمپ نے ایک اور پوسٹ میں کہا’ وہ رات کو قوم سے خطاب کریں گے۔ یہ امریکہ، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے پر رضامند ہونا چاہیے۔ شکریہ‘
صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا حملوں میں بی 2 سٹیلتھ طیارے استعمال کیے گئے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ حملے میں کون سے بم گرائے گئے۔
یاد رہے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ’ وہ ایران پر حملہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ دو ہفتوں میں کریں گے۔‘
ٹرمپ کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے ٹرمپ کا بیان میڈیا کو پڑھ کر سنایا جس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اس بات کی بنیاد پر کہ ایران کے ساتھ مستقبل قریب میں مذاکرات ہونے یا نہ ہونے کے امکانات موجود ہیں، میں آئندہ دو ہفتوں میں فیصلہ کروں گا۔‘
واضح رہے اسرائیل نے گذشتہ جمعے کو یہ کہتے ہوئے ایران پر حملہ کیا تھا کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے تاہم ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

 

شیئر: