ایران اسرائیل تنازع: خلیجی ممالک کا جوہری تنصیبات کی حفاظت سے متعلق تحفظات کا اظہار
خلیجی سفیروں نے ویانا میں آئی اے ای اے کے سربراہ سے ملاقات کی اور اپنے خدشات کا اظہار کیا (فوٹو: کیو این اے)
خلیجی ممالک کے سفیروں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعے میں ایرانی جوہری تنصیبات کی حفاظت سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق خلیجی ممالک کے سفیروں نے ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رفال گروسی سے ملاقات کی اور اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
خلیجی سفیروں نے آئی اے ای اے کے سربراہ کو بتایا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے ’خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔‘
خلیجی ممالک کے سفیروں کی جانب سے یہ تنبیہہ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جمعرات کو اسرائیلی فوج نے ایران کی بوشہر کی جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کا بتایا تھا۔
اسرائیل کا کہنا تھا کہ ’اس نے رُوس کی تعمیر کردہ بوشہر کی جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا ہے، تاہم بعد میں کہا گیا کہ یہ بیان غلطی سے دیا گیا تھا۔‘
بوشہر، ایران کا واحد جوہری پلانٹ ہے جو کہ خلیج فارس کے ساحل پر واقع ہے۔ خلیجی ریاستوں کے طویل عرصے سے یہ تحفظات رہے ہیں کہ جوہری تنصیبات پر حملہ ممکنہ طور پر علاقے میں فضا اور پانی کو آلودہ کر دے گا۔
