اسرائیل نے ایران کی بدنام اوین جیل اور سکیورٹی سی متعلق مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور فوج نے پیر کو الگ الگ بیانات میں بتایا کہ اوین جیل کے علاوہ ایرانی سکیورٹی ایجنسیز کے ان مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے ’جو موجودہ حکومت کے استحکام‘ کی ذمہ دار ہیں۔
وزیر دفاع نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ’تہران کے وسط میں ایسے اداروں اور ایجنسیز کو نشانہ بنایا ہے جو حکومتی جبر کی علامت ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
کیا ایران آبنائے ہرمز بند کرنے کا متحمل ہے؟Node ID: 891317
-
قومی سلامتی کمیٹی کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمتNode ID: 891327
انہوں نے بتایا کہ ان اہداف میں ’اوین جیل بھی شامل ہے جس میں حکومت کے مخالفین اور سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ طاقت ور پاسداران انقلاب کے دفاتر بھی نشانہ بنائے جا رہے ہیں۔‘
اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا اور ایرانی جوہری تنصیبات اور دیگر مقامات پر حملے کیے تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام کو اسرائیل کے وجود کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔
لیکن اس کے بعد اہداف میں اضافے بالخصوص سرکاری ٹی وی اور ایرانی سکیورٹی فورسز پر حملے سے یہ تأثر پیدا ہوا کہ اسرائیل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بالادستی کا خاتمہ چاہتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اتوار کو عندیہ دیا تھا کہ وہ ایران کے موجودہ نظام حکومت میں تبدیلی میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم ان کی انتظامیہ کے کئی عہدے دار سنیچر اور اتوار کو ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد یہ کہہ چکے ہیں ایران میں حکومت کی تبدیلی ان کا ہدف نہیں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم دی ٹرتھ پر کہا تھا کہ ’یہ پولیٹیکلی درست نہیں کہ لفظ رجیم چینج استعمال کیا جائے لیکن اگر ایران کی موجودہ حکومت اپنے ملک کو دوبارہ عظیم نہیں بنا سکتی تو کیوں نہ وہاں رجیم چینج ہو جائے۔‘
پیر کو اے ایف پی کے نمائندوں اور ایرانی ریڈ کریسٹ نے جنوبی تہران میں دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔
واضح رہے کہ اوین جیل میں اکثر غیرملکی قیدیوں اور ان ایرانیوں کو رکھا جاتا ہے جنہیں انسانی حقوق کے کارکن سیاسی قرار دیتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ اس وقت ایران کی قید میں 20 کے لگ بھگ یورپی افراد ہیں جن میں سے بیش تر کے بارے میں ابھی تک رپورٹ نہیں ہو سکا۔
وسیع و عریض احاطے کی حامل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے میں بدنام اوین جیل تہران کے شمالی ضلعے میں واقع ہے۔