سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کےلیے منگل کو دوحہ پہنچ گئے۔
ایس پی اے کے مطابق دوحہ ایئرپورٹ پر قطر کے وزیر مملکت سلطان المریخی اور دوحہ میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان اور جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے خیرمقدم کیا۔
مزید پڑھیں
ہنگامی اجلاس قطر پر ایران کے میزائل حملے پر تبادلہ خیال کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں واقعہ کے علاقائی سلامتی پر اثرات کے ساتھ خلیج میں استحکام کی بحالی کےلیے اجتماعی کوششوں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
اجلاس کی صدارت موجودہ سیشن کے صدر اور کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیحییٰ کریں گے۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کے طور پر منعقد ہو رہا ہے اور اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہے قطر کا امن و استحکام تمام خلیجی رکن ممالک کے امن و استحکام کا حصہ ہے۔