گاڑیوں کے متحرک فٹنس سینٹرز کی تعداد میں اضافہ
روڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مزید متحرک یونٹس شروع کیے جائیں گے(فوٹو، ایکس )
سعودی کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑیوں کی سالانہ فٹنس انسپیکشن کے لیے متحرک سینٹرز’فحص دوری‘ کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ ضوابط کے مطابق گاڑیوں کا سالانہ بنیاد پر فنی معائنہ کرایا جانا ضروری ہے۔ اس حوالے سے اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کی رپورٹ کے مطابق ایک برس میں 58 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی فٹنس چیک کی گئی تھی۔
لوگوں کی سہولت کےلیے فٹنس سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو سفارش کی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے ریاض ، حائل ، الزلفی ، المذنب ، البکیریہ ، مدینہ منورہ ، القنفذہ ، سراۃ عبیدہ اور ضبا کمشنریوں میں 14 متحرک یونٹس کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں مزید 2 یونٹس کا اضافہ کیا جائے گا۔
متحرک فٹنس سینٹرز ان اداروں اور کمپنیوں کے لیے مفید ہیں جہاں گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ اداروں کی جانب سے وقت مقرر کرکے متحرک فٹنس سینٹرز کی انتظامیہ کو مطلع کیا جاتا ہے جس پر سینٹرکو قریب ترین مقام پرمنتقل کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں وہاں کے لوگ اپنی گاڑی کا فنی معائنہ کرانے کے بعد این او سی حاصل کرسکیں۔