الہلال ورلڈ کپ کے راؤنڈ 16 میں پہنچ گیا، مانچسٹرسٹی سے مقابلہ ہوگا
’گیودیس پارک سٹیڈیم میں میکسیکن کلب پاچوکا کو 0-2 سے شکست دے دی‘ ( فوٹو: سبق)
الہلال فٹبال کلب نے 2025 فیفا کلب ورلڈ کپ کے راؤنڈ 16 میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کل جمعہ کو امریکہ کے گیودیس پارک سٹیڈیم میں میکسیکن کلب پاچوکا کو 0-2 سے شکست دے دی۔
یہ مقابلہ گروپ ایچ کے تیسرے اور آخری راؤنڈ کے تحت کھیلا گیا۔
اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ریاستہائے متحدہ میں ہو رہا ہے اور یہ 13 جولائی تک جاری رہے گا۔
یہ ورلڈ کپ پہلی بار 32 ٹیموں کی شرکت کے ساتھ ایک توسیعی شکل میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

الہلال کی جانب سے پہلا گول سٹار فٹبالر سالم الدوسری نے 23 ویں منٹ میں گول کیپر کے اوپر سے خوبصورت شاٹ لگا کر کیا جبکہ دوسرا گول برازیلی کھلاڑی لیونارڈو نے میچ کے اضافی وقت میں کیا۔
اس فتح کے بعد الہلال گروپ ایچ میں 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا اور اب وہ راؤنڈ آف 16 میں انگلش کلب مانچسٹر سٹی سے ٹکرائے گا۔

گروپ ایچ میں سرفہرست پوزیشن سپین کے ریال میڈرڈ نے حاصل کی جس نے جمعے کی صبح آسٹریا کے ریڈ بُل سالزبرگ کو تین صفر سے شکست دی۔
اب ریال میڈرڈ پری کوارٹر فائنل میں اٹلی کے کلب یووینٹس سے مقابلہ کرے گا۔