نصیرالدین شاہ نے دلجیت دوسانجھ کی حمایت میں کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی
منگل 1 جولائی 2025 12:58
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نصیرالدین شاہ نے اپنی پوسٹ میں دلجیت دوسانجھ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے معروف سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ نے پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی حمایت میں کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔
پیر کے روز نصیرالدین شاہ نے دلجیت دوسانجھ کی فلم ’سردار جی تھری‘ پر ہونے والے تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک پر پوسٹ کی تھی۔
انہوں نے دلجیت دوسانجھ کے حق میں ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ ’میں دلجیت کے ساتھ کھڑا ہوں۔ جملہ پارٹی اپنے گندے ہتھکنڈوں کے ساتھ کافی عرصے سے اس کا انتظار کر رہی تھا کہ کب دلجیت پر حملہ کیا جائے اور اسے لگتا ہے کہ آخرکار موقع مل گیا ہے۔‘


اب ڈیلیٹ شدہ پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ ’سردار جی تھری فلم کی کاسٹنگ کی ذمہ داری دلجیت کی نہیں بلکہ ڈائریکٹر کی تھی مگر چونکہ کسی کو ہدایتکار کا نام بھی معلوم نہیں، اس لیے سارا غصہ دلجیت پر نکالا جا رہا ہے کیونکہ وہ دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ دلجیت نے اس کاسٹ پر اس لیے ہامی بھری کیونکہ ان کا ذہن زہریلا نہیں ہے۔‘
نصیرالدین شاہ نے طنزیہ انداز میں یہ بھی لکھا تھا کہ ’یہ غنڈے صرف یہ چاہتے ہیں کہ انڈیا اور پاکستان کے عوام کے درمیان ذاتی رابطے ختم ہو جائیں۔ میرے اپنے قریبی رشتہ دار اور دوست پاکستان میں ہیں اور کوئی مجھے نہیں روک سکتا کہ میں ان سے محبت کا اظہار کروں یا جب چاہے ملنے جاؤں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جو لوگ اب مجھے کہیں گے کہ پاکستان چلے جاؤ تو میرا ان کو جواب ہے کہ کَیلاشا چلے جاؤ۔‘
نصیرالدین شاہ کی اس پوسٹ پر جہاں پاکستانی صارفین نے ان کی تعریف کی وہیں انڈین صارفین کی جانب سے انہوں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم اب اگر نصیرالدین شاہ کے فیس بک پیج پر دیکھا جائے تو ان کی مذکورہ پوسٹ ڈیلیٹ ہو چکی ہے۔
