ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی نیوز چینل سی بی ایس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کی فردو جوہری تنصیب کو امریکی بمباری میں ’شدید اور بھاری نقصان‘ پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انٹرویو میں وزیر خارجہ نے مزید کہا ’کسی کو نہیں معلوم کہ فردو میں کیا ہوا۔ اب تک کی معلومات کے مطابق تنصیبات کو شدید اور بھاری نقصان پہنچا ہے۔‘
انہوں نے کہا ’اسلامی جمہوریہ ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن جائزہ لے رہی ہے جس کی رپورٹ حکومت کو جمع کروائی جائے گی۔‘
اتوار کو امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں سینیئر امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایرانی حکام کی ریکارڈ شدہ گفتگو میں جوہری پروگرام کو پہنچنے والے نقصان کو کم سے کم ظاہر کیا گیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی حملوں نے ’ایرانی جوہری پروگرام کو مکمل طور پر مٹا کر رکھ دیا ہے۔‘ جبکہ دوسری جانب امریکی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں پہنچنے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں وقت لگے گا۔