سعودی عرب کا انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس میں شمولیت کا اعلان
انجینئرنگ الائنس کا شمار عالمی سطح پر تسلیم شدہ اداروں میں ہوتا ہے (فائل فوٹو)
سعودی انجینئرنگ کونسل نے انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز ایسوسی ایشن (آئی پی ای اے) کے ذریعے انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس (آئی اے ای ) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
جس کا مقصد سعودی انجنیئرنگ کے شعبے کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پرتسلیم کرانا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق انٹرنیشنل انجینئرنگ الائنس کا شمار عالمی سطح پر پروفیشنل تسلیم شدہ اداروں میں ہوتا ہے جس میں مختلف براعظموں کی انجینئرنگ تنظیمیں شامل ہیں۔
جس کا مقصد پیشہ ورانہ نظام کو ترقی دینے، انجینئرنگ کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور رکن ممالک کے مابین قابلیت اور تجربہ کے اعتراف کو فروغ دینے کےلیے سرگرمِ عمل ہے۔
سعودی انجینئرنگ کونسل کے سیکرٹری جنرل انجینئرعبدالمحسن کا کہنا ہے ’الائنس میں شمولیت کونسل کی مسلسل کاوشوں کا نتجہ ہے جس کا مقصد مملکت کے انجینئرنگ نظام کو عالمی سطح پر ہم آہنگ کرنا اور پیشہ ورانہ منظوری کے تحت متعلقہ عالمی اداروں سے روابط کو فروغ دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا ’ انٹرنیشنل انجینرنگ الائنس میں شمولیت سے سعودی انجینئرز کو عالمی سطح پر اعلی و معیاری کام کرنے کے قابل بنائے گی جس سے سعودی انجینئرز کی شناخت مستحکم ہوگی۔‘
