’انڈین کامیڈی کنگ‘ کپل شرما کے کینیڈا کے شہر سرے میں حال ہی میں کھولے گئے کیفے پر فائرنگ کی گئی ہے۔
کینیڈا کے نیوز چینل سی بی سی نیوز نے جمعے کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’جمعرات کی صبح نیوٹن کے علاقے میں 120 ویں سٹریٹ پر واقع ایک کیفے میں فائرنگ کی گئی۔ اس وقت عملہ کیفے کے اندر موجود تھا۔‘
مزید پڑھیں
-
کپل شرما دو کامیڈی فلموں کے ساتھ بڑی سکرین پر واپسی کے لیے تیارNode ID: 888300
-
دی گریٹ انڈیا کپل شو: نیٹ فلکس پر ریٹنگ میں 40 فیصد کمی کیوں؟Node ID: 892017
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم کیفے کو نقصان پہنچا ہے۔
حملے کے بعد کھڑکیوں میں گولیوں کے نشانات دیکھے جا سکتے تھے۔
سرے پولیس سروس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس دیگر واقعات اور ممکنہ محرکات سے تعلق کی تحقیقات کر رہی ہے۔
کپل شرما کے کیفے نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’ہم امید کر رہے تھے کہ اس کیفے میں دوستانہ گپ شپ سے گرمجوشی اور خوشی لائیں گے۔ تشدد کا اس خواب کو تقسیم کرنا دل کو توڑ دینے والی بات ہے۔ ہم یہ صدمہ برداشت کر رہے ہیں لیکن ہم ہار نہیں مان رہے۔‘
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپ کی حمایت کا شکریہ۔ آئیے! تشدد کے خلاف ثابت قدم رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کاپس کیفے گرمجوشی اور کمیونٹی کی جگہ رہے۔‘
سی بی ایس نیوز نے کیفے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے حوالے سے بتایا کہ کیفے صرف ایک ہفتہ قبل کھلا تھا۔