Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور سے کراچی جانے والا مسافر بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے جدہ پہنچ گیا

نجی ایئرلائن کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث لاہور سے کراچی جانے والے ایک مسافر کو جدہ پہنچا دیا گیا۔
متاثرہ مسافر کے مطابق 7 جولائی کو وہ لاہور سے کراچی جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ڈومیسٹک ایئرلائن کی جگہ دو بین الاقوامی پروازیں کھڑی تھیں۔
مسافر نے فلائٹ پر سوار ہوتے وقت ایئرہوسٹس کو ٹکٹ دکھایا اور ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس نہ پاسپورٹ تھا اور نہ ہی ویزا، اس کے باوجود انہیں جدہ کی پرواز میں سوار کر لیا گیا۔
مسافر کے مطابق پرواز کے دوران جب دو گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کراچی نہ پہنچنے پر عملے سے سوال کیا تو پورا عملہ پریشان ہو گیا اور الٹا یہی کہا کہ ’یہ آپ کی غلطی ہے۔
جدہ پہنچنے پر سعودی حکام نے مسافر سے پوچھ گچھ کی اور بعد ازاں اسے واپس پاکستان بھجوا دیا۔
ملک شاہ زین نامی مسافر نے جہاز میں ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے میں لاہور میں قیام پذیر تھا، 7 جولائی کو میں نے کراچی کے لیے فلائٹ کی ٹکٹ بُک کروائی تھی۔
شاہ زین نے کہا ’جب میں ایئرپورٹ گیا تو بورڈنگ پاس لیا، وہاں دوسری بین الاقوامی فلائٹ بھی موجود تھی جس نے عمرہ زائرین کو لے کر جدہ جانا تھا، میں غلطی سے اس فلائٹ میں بیٹھ گیا۔ دو گھنٹے کے بعد جب میں نے دیکھا کہ جہاز لینڈ نہیں کر رہا تب پتا چلا کہ میں غلط فلائٹ پر بیٹھ گیا ہوں۔ اب یہی جہاز دو گھنٹے بعد مجھے واپس لاہور لے کر جائے گا۔‘
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ لاہور ایئرپورٹ منیجر نے نجی ایئرلائن کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
ایئرپورٹ مینیجر کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسافر کا جدہ پہنچ جانا ایئرلائن کی سنگین کوتاہی ہے، جس پر متعلقہ اتھارٹی کو کارروائی کے لیے تحریری درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

شیئر: