Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں خلاف ورزیوں پر سفری و سیاحتی خدمات کے 10 دفاتر کو بند کردیا گیا

وزارت سیاحت کی تفتیشی ٹیموں نے ریجن میں دفاتر کے دورے کیے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت کی تفتیشی ٹیموں نے ریاض میں سفری و سیاحتی خدمات کے 10 اداروں کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر بند کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض ریجن میں وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے سفری و سیاحتی خدمات کے شعبے میں اداروں کی نگرانی کا عمل سخت کردیا ہے تاکہ خلاف ورزیوں کا تدارک کیا جائے۔
ریاض ریجن میں وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے ایسی دس کمپنیوں کی نشاندہی کی جن کی انتظامیہ عمرہ وزیارت پروگرام کے مقررہ ضوابط پرعمل پیرا نہیں تھیں۔
تفتیشی ٹیموں نےعمرہ زائرین کے حوالے سے ان کمپنیوں کے خلاف متعدد شکایات ریکارڈ کیں۔ بیشتر کمپنیاں بغیر لائسنس اور این او سی کے عمرہ سروسز فراہم کررہی تھیں۔
 علاوہ ازیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں فراہم کی جانے والی رہائش غیرمناسب تھی۔ عمرہ زائرین کے لیے مقرر شدہ ٹرانسپورٹ بھی غیرمعیاری تھی۔
تفتیشی دوروں میں سامنے آنے والی خلاف ورزیوں پر دس دفاتر کو بند کردیا گیا ہے۔

مملکت میں خلاف ورزی پر 50 ہزارریال تک جرمانہ مقرر ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت نے یقین دہانی کرائی کہ عمرہ و سیاحتی پروگرام میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خلاف ورزی پر 50 ہزارریال تک جرمانہ مقرر ہے۔ خلاف ورزی دوبارہ ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانہ 10 لاکھ ریال اور ادارے کو بھی سیل کیا جاسکتا ہے۔
ان اقدامات کا مقصد قواعد وضوابط پر عملدرآمد کو یقینی اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

 

شیئر: