شام، لبنان، سوڈان اور یمن میں امدادی سرگرمیاں جاری
اتوار 13 جولائی 2025 10:44
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے متاثرہ ممالک میں اپنی امدادی و انسانی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاکہ ضرورت مند اقوام کی مدد کی جا سکے اور غذائی و صحت کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ سلمان سینٹر نے شام کے اللاذقیہ گورنریٹ کے دیہی علاقے میں آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 500 غذائی پیکٹ اور 500 امدادی کٹس تقسیم کی ہیں جن سے 500 خاندان مستفید ہوئے۔
اسی طرح لبنان میں بیروت شہر میں مقیم شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں میں 523 غذائی پیکٹ تقسیم کئے گئے ہیں جن سے 2615 افراد مستفید ہوئے۔
سوڈان میں سینٹرنے سال 2025 کے غذائی تحفظ منصوبے کے تحت کئی غذائی امداد کی تقسیم کی ہے جن میں خرطوم کے بحری ڈسٹرکٹ میں 800 غذائی پیکٹ تقسیم ہوئے اور جن سے 5452 افراد مستفید ہوئے ہیں۔

یمن میں سینٹر کی موبائل میڈیکل کلینکس نے حجہ شہرکے حرض ڈسٹرکٹ میں طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے۔
ان کلینکس نے 278 مستحقین کو علاج فراہم کیا جن میں ایمرجنسی، میڈیسن، زچہ و بچہ، وبائی امراض کی خدمات، دواؤں کی فراہمی اور فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی سرگرمیاں شامل ہیں۔

یہ تمام کوششیں سعودی عرب کے انسان دوست مشن کا حصہ ہیں جسے کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد دنیا بھر میں ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے فراہم کرتا ہے۔