پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی زائرین اور سرحد کے معاملات پر آج تہران میں سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کے وزارت داخلہ کے مطابق سہ ملکی کانفرنس میں ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوں گے۔
زائرین، سرحد اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد کی درخواست پر اس سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں
-
صدر زرداری کو ہٹائے جانے کی افواہوں پر کان نہ دھریں: محسن نقویNode ID: 891891
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کریں گے۔
اتوار کو تہران میں محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دونوں وزرائے داخلہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سہ ملکی کانفرنس سے زائرین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
ایرانی وزیر داخلہ نے اُمید ظاہر کی کہ محسن نقوی کا دورۂ پاکستان ایران تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔
تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ ایسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔