زائرین مسجد الحرام میں سلامتی کے اصولوں کی پابندی کریں
’گزرگاہوں میں کھڑے ہو کر تصاویر لینے یا ویڈیو بنانے سے پرہیز کریں‘ ( فوٹو: سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسجد الحرام میں سلامتی کے اصولوں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’عمرہ زائرین کی خدمت ہمارے لیے اعزاز ہے اور ان کی سلامتی سب سے بڑی ترجیح ہے‘۔
انتظامیہ نے زور دیا ہے کہ ’زائرین برقی سیڑھیوں اور راستوں کے استعمال میں محتاط رہیں‘۔
’سیڑھیوں کے داخلی راستوں پر بھیڑ سے گریز کریں، انہیں درست سمت میں استعمال کریں اور گزرگاہوں میں کھڑے ہو کر تصاویر لینے یا ویڈیو بنانے سے پرہیز کریں‘۔

زائرین کو مزید ہدایت دی گئی کہ وہ راستوں کے برخلاف سمت میں نہ چلیں، ہجوم والے مقامات پر ماسک پہنیں اور ائیرکنڈیشن یا دیگر سہولیات کے لیے مخصوص برقی ساکٹ کو موبائل یا دیگر آلات چارج کرنے کے لیے استعمال نہ کریں۔
انتظامیہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ زائرین داخلہ و خروج کے نظام کی پابندی کریں اور وہاں موجود رہنمائی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ مسجد الحرام کے اندر نظم و ضبط اور سلامتی قائم رکھی جا سکے۔