Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں اقامہ سروسز ٹریفک جرمانوں کی ادائیگیوں سے منسلک

یہ پروجیکٹ ابتدائی مرحلے میں تجرباتی طورپر لانچ کیا جارہا ہے (فوٹو: گلف نیوز)
دبئی میں غیرملکیوں کے اقاموں کو ٹریفک پولیس سسٹم سے منسلک کیا جارہا ہے تاکہ ٹریفک خلاف ورزی کا ریکارڈ براہ راست اقامہ نمبر کے ذریعے ارسال کیا جاسکے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کا کہنا ہے ’وہ غیرملکی جو ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوتے ہیں اس سسٹم کے فعال ہونے کے ساتھ ان کے اقاموں کی تجدید بھی چالان کی ادائیگی سے مشروط ہوگی۔‘
 ’ڈیجیٹل سسٹم کو ابتدائی مرحلے میں تجرباتی طورپر لانچ کیا جارہا ہے جس کے تحت ان غیرملکیوں کے اقاموں کو سسٹم سے جوڑا جائے گا جن کے اقامے ایکسپائر ہونے کے قریب ہیں یا وہ سپانسرشپ تبدیل کرانے کے لیے رجوع کرتے ہیں۔‘
اقامہ سروسز کی درخواستوں پر کارروائی کو آگے بڑھانے کےلیے ٹریفک جرمانے ادا کرنے ہوں گے، امارات کے اندر سے اقامے کی تجدید، منسوخی یا سپانسر شپ کی تبدیلی کی درخواستیں جرمانوں کی ادائیگی کے بعد ہی قبول کی جائیں گی۔
دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین کا احترام اور واجب الاد جرمانوں کی ادائیگی کے حوالے سے ذمہ داری پوری کریں۔

 

شیئر: