اہم نکات:
-
مون سون بارشوں کے باعث 143 افراد ہلاک اور 488 افراد زخمی ہوئے: پی ڈی ایم اے
-
سیلابی ریلے میں بہنے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ مل گیا، لاپتہ باپ اور بیٹی کی تلاش جاری
-
احتجاج کیس: عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری
143 افراد ہلاک اور 488 افراد زخمی، مون سون فیکٹ شیٹ جاری
صوبائی سطح پر قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 143 افراد ہلاک اور 488 افراد زخمی ہوئے جبکہ 200 سے زیادہ مکانات متاثر ہوئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں۔ پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ سرگودھا میں 69 ملی میٹر، نورپور تھل 59، منڈی بہاوالدین 50، حافظ آباد 44 اور شیخوپورہ میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔
اسلام آباد: برساتی نالے میں بہہ جانیوالی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ مل گیا
اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں بہنے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ دریائے سواں پل کے نیچے سے مل گیا جبکہ لاپتہ باپ اور بیٹی کی تلاش آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اہلکاروں کو نالے سے گاڑی کا بونٹ اور دروازے کے ٹکڑے ملے ہیں لیکن گاڑی کا باقی ڈھانچہ یا اس میں سوار افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
ریسکیو آپریشن کو مزید وسعت دے دی گئی ہے۔ دریائے سواں اور اطراف کی مختلف سمتوں میں بھی سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
منگل کی صبح اسلام آباد کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 5 میں طوفانی بارش کے باعث نالے میں آنے والی طغیانی کے نتیجے میں کار میں سوار باپ بیٹی پانی میں بہہ گئے تھے۔
احتجاج کیس: عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے احتجاج کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے عمر ایوب، اعظم سواتی و دیگر کارکنان کے خلاف 4 اکتوبر کو احتجاج کے کیسز کی سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔
چیئرمین پی سی بی کی بنگلہ دیش کے امپائرز کو پاکستان میں ٹریننگ دینے کی پیشکش
وفاقی وزیرداخلہ و چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور نوجوانان اور کھیل آصف محمود سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں خصوصا کرکٹ کے فروغ و ایمپائرز ڈویلپمنٹ پروگرامز کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے ایمپائرز کو پاکستان میں ٹریننگ کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے وویمنز کرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرامز کے لیےاشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سپورٹس کے فروغ کے لیے پی سی بی اور بی سی بی میں باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔