Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہائیوں پرانے سرحدی تنازع میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ایک دوسرے پر حملے

تھائی لینڈ نے جمعرات کو کمبوڈیا کے فوجی اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں جبکہ کمبوڈیا نے بھی راکٹ اور توپ خانے سے گولہ باری کی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی تنازعے میں دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر حملوں میں ایک شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔
سرحد پر واقع ’ایمرلڈ ٹرائینگل‘ نامی علاقے پر دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے تنازع جاری ہے۔
جمعرات کو دہائیوں پرانا یہ تنازع اس وقت لڑائی کی شکل اختیار کر گیا جب کمبوڈیا نے تھائی لینڈ پر راکٹ اور آرٹیلری کے شیل برسائے جبکہ تھائی فوج کی جانب سے ایف 16 طیارے کو حرکت میں لایا گیا۔
تھائی لینڈ کی فوج کے نائب ترجمان کا کہنا ہے کہ چھ جنگی طیارے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ کمبوڈیا میں دو اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تھائی لینڈ کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سرحد پر واقع ایک گھر حملوں کا نشانہ بنا ہے جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ پانچ سالہ بچے سمیت تین لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
دونوں فریقین نے لڑائی شروع کرنے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا ہے جو تھائی صوبے سورین اور کمبوڈیا کے اوڈرمینچی کے درمیان سرحد پر دو مندروں کے قریب پھوٹ پڑی تھی۔
کمبوڈیا کی وزارت دفاع کی ترجمان مالی سوچیتا نے ایک بیان میں کہا کہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تعینات کمبوڈیا کی افواج پر حملہ کر کے تھائی فوج نے علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہے۔

 

شیئر: