سعودی زکوۃ، ٹیکس، کسٹمز اتھارٹی نے البطحا بارڈر کراسنگ پر 8 لاکھ 17 ہزار 733 نشہ آور گولیاں( کیپٹاگون) سمگل کرنے کی دو کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق منشیات بارڈر کراسنگ کے ذریعے آنے والے ٹرکوں کے ٹائر اور مختلف حصوں میں چھپائی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
ایک ٹرک کے پچھلے ٹائروں سے سات لاکھ 97 ہزار 647 جبکہ دوسرے ٹرک کے مختلف حصوں میں چھپائی گئی 20 ہزار 86 نشہ آور گولیاں ضبط کی گئیں۔
زکوۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی نے مملکت کے داخلی راستوں پر کسٹم کنٹرول کو سخت کرنے، سمگلروں کو منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیا لانے سے روکنے اور معاشرے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اتھارٹی نے کہا یہ کوششیں کمیونٹی سکیورٹی کو بڑھانے اور قومی معیشت کے تحفظ کےلیے وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں۔