اردن کی مسلح افواج نے سنیچر کو کہا ہے کہ گزشتہ روز شام کے ساتھ سرحد سے ’دراندازی کی ناکام کوشش‘ کے بعد دو مسلح افراد کو ہلاک کردیا۔
مسلح افواج کے بیان میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لیکن کہا کہ مسلح گروپ کو شامی سرزمین کی طرف واپس دھکیل دیا گیا۔
اردن کی مسلح افواج اکثر منشیات کی سمگلنگ کے لیے سرحدی در اندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کی اطلاع دیتی ہیں۔
اردن کی مسلح افواج نے سات ماہ کے دوران منشیات سے لدے 310 ڈرونز کو روکا اور سمگلنگ کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔
ایک انویسٹی گیشن رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ جنوری سے 16 جولائی کے دوران مسلح افواج نے ہر ماہ اوسطا 51 ڈرونز روکے جو اردن میں منشیات کی سمگلنگ کےلیے استعمال کیے جارہے تھے۔
یاد رہے جنوری میں اردن اور شام نے اپنی سرحدیں محفوظ بنانے، ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ سے نمنٹے اور داعش کے عسکریت پسندوں کے احیا کو روکنے کے لیے ایک مشترکہ سکیورٹی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔