اسرائیل ایران تصادم: اردن، لبنان اور شام نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دیں
’فضائی حدود بند کرنے فیصلہ سیکیورٹی وجوہ کی بنا پر کیا گیا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
اسرائیل اور ایران کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد ممالک نے فلائٹ آپریشن بند کر دیے تھے تاہم اردن، لبنان اور شام نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اردن کی سول ایوی ایشن ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ آف کمشنرز کے چیئرمین کیپٹن ہيثم مستو نے اعلان کیا ہے کہ آج سنیچر کو صبح 7 بج کر 30 منٹ پر اردن کی فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اتھارٹی نے عارضی طور پر اردن کی فضائی حدود بند کر دی تھیں اور تمام آنے، جانے اور گزرنے والی پروازوں کی نقل و حرکت معطل کر دی تھی۔
ادھر لبنان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ فایز رسامنی نے بھی آج صبح 10 بجے سے لبنان کی فضائی حدود دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے آنے اور جانے والے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ فیصلہ خالصتاً سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لبنان نے بھی گزشتہ روز خطے میں کشیدگی کے باعث ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر کے تمام پروازوں کی نقل و حرکت معطل کر دی تھی۔
اسرائیل نے جمعے کی علی الصبح ایران پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں جبکہ ایئرلائنز نے بھی اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔