Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن: دو سو برطانوی رائٹرز کا اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ

زاڈی سمتھ ان رائٹرز میں شامل ہیں جہنوں نے اس خط پر دستخط کیے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں 200 سے زائد رائٹرز  نے ایک کھلے خط میں اسرائیل کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ خط اس وقت سامنے آیا ہے جب انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفکیشن نے خبردار کیا کہ غزہ میں قحط جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔
مارچ میں اسرائیل نے حماس کے ساتھ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ کی ناکہ بندی کی تھی۔ مئی میں امدادی سامان کی ترسیل دوبارہ شروع ہوئی، لیکن 7 اکتوبر 2023 کو لڑائی کے آغاز سے اب تک بھوک کی وجہ سے غزہ میں 197 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں زاڈی سمتھ، مائیکل روزن، اروین ویلش، حنیف قریشی، برائن اینو، ایلیف شفق، جارج مونبیوٹ اور جیف ڈائر سمیت کئی معروف نام شامل ہیں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ مصنفین ’تمام افراد، اداروں، حکومتوں اور ریاستوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کی تجارت، لین دین اور کاروبار کا فوری اور مکمل بائیکاٹ کریں ، جب تک غزہ کے عوام کو پینے کا پانی، خوراک، طبی امداد، اور دیگر ضروریات زندگی اقوام متحدہ کی نگرانی میں مناسب مقدار میں فراہم نہ کر دی جائیں۔‘
یہ خط ہوریٹیو کلیر نے مرتب کیا، جو اس سے قبل مارچ میں اس خط کے پیچھے بھی تھے جس میں اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کا الزام لگایا گیا تھا۔
نئے خط میں دستخط کنندگان نے لکھا کہ ’ہم یہ مطالبہ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد اور ہزاروں سیاستدانوں کے الفاظ اور جذبات بھی غزہ کے عوام تک خوراک پہنچانے، شہریوں کے تحفظ، اور انسانی و طبی امداد کی فراہمی میں ناکام ہو چکے ہیں۔‘
مصنفین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ’یہ بائیکاٹ اسرائیل اور دیگر ممالک میں موجود ان افراد اور گروہوں کو بھی متاثر کرے گا جو وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں، وہ افراد جن کا درد اور غزہ کے عوام کے لیے ہمدردی ہم محسوس کرتے ہیں۔‘
دستخط کنندگان نے کہا کہ یہ بائیکاٹ اس وقت تک برقرار رہنا چاہیے جب تک اقوام متحدہ یہ تصدیق نہ کر دے کہ غزہ کی شہری آبادی محفوظ ہے اور انہیں مناسب خوراک و امداد حاصل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ تمام یرغمالیوں اور ان افراد کو جو بغیر کسی الزام یا مقدمے کے قید میں ہیں، خواہ وہ کسی بھی فریق سے تعلق رکھتے ہوں، رہا کیا جائیں۔
 

شیئر: