نو مئی کے مزید دو مقدمات کا فیصلہ: شاہ محمود قریشی بری، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو سزائیں
پیر 11 اگست 2025 14:49
رائے شاہنواز - اردو نیوز، لاہور
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نو مئی کے دو مزید کیسز کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
پیر کو کوٹ لکھپت جیل میں سنائے گئے فیصلے میں تھانہ شادمان کو نظر آتش کرنے اور راحت بیکری کے سامنے پولیس کی گاڑیوں کو جلانے کے دو الگ الگ مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو پانچ پانچ سال کی سزا دی گئی ہے۔ تاہم شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات میں بری کر دیا گیا ہے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے سکیورٹی گارڈ حافظ ارشد کو بھی دس برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے دونوں مقدمات کا فیصلہ سینچر کے روز محفوظ کیا تھا جو کہ پیر کی سہ پہر سنایا گیا۔
راحت بیکری کے سامنے پولیس کی گاڑیوں کو جلائے کا مقدمہ تھانہ سرور روڑ میں درج کیا گیا تھا۔ جس میں پراسیکیوشن نے 25 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا تھا۔ اسی طرح تھانہ شادمان کو جلانے کا مقدمہ اسی تھانے میں درج کیا گیا تھا جس میں 41 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا۔
عدالت نے تھانہ شادمان کیس میں شاہ محمود قریشی کے ساتھ ساتھ 12 مزید ملزمان کو بری کیا ہے۔ جبکہ 13 ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے۔ اسی طرح راحت بیکری چوک کیس میں 10 ملزمان کو بری کیا گیا ہے۔