Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 13 دن میں 3.6 ملین مسافروں کی آمد متوقع

یومیہ اوسطا 2 لاکھ 80 ہزار مسافر ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 13 سے 25 اگست 2025 کے دوران 3.6 ملین  سے زیادہ مسافروں کی آمد متوقع ہے تعطیلات کے بعد فیملیز اور طلبا نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل دبئی واپس آئیں گے۔
امارات الیوم کے مطابق ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ 13 دنوں کے دوران اوسطا یومیہ 2 لاکھ 80 ہزار مسافروں کی آمد متوقع ہے جبکہ جمعہ 15 اگست مصروف ترین دن ہوگا اس دن مسافروں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کرجائے گی۔
جنوری سے جون 2025 تک دبئی نے 9.88 ملین  بین الاقوامی سیاحوں کا خیر مقدم کیا جنہوں نے کم از کم ایک رات قیام کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
اسی عرصے کے دوران دبئی ایئرپورٹ نے 46 ملین مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جس نے اسے دنیا کا مصروف ترین  ایئرپورٹ بنا دیا۔
دبئی ایئرپورٹس ’ون ڈی ایکس بی‘ کمیونٹی جس میں ایئرلائنز، ریگولیٹری اتھارٹیز، اور کمرشل پارٹنرز شامل ہیں  کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہا ہے تاکہ مصروف دنوں میں سفر کا تجربہ آسان اور ہموار بنایا جا سکے۔
 ایک رہنما ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے جس کے تحت 12 سال سے زیادہ عمر کے بچے سمارٹ گیٹس کا استعمال کریں، پاسپورٹ، بورڈنگ پاس اور ویزا جیسی اہم دستاویزات اپنے پاس رکھیں تاکہ کلیئرنس کا عمل تیزی سے مکمل ہو سکے۔
دبئی ایئرپورٹ پر معذور افراد کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جن میں مخصوص راستے، معاون عملہ اور ٹرمنل 2 میں علیحدہ لاؤنج شامل ہے۔

 

شیئر: