Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان مرکز کی جانب سے خیبرپختونخوا کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے امداد روانہ

یہ امدادی سامان اسلام آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کے دوران روانہ کیا گیا (فوٹو: کنگ سلمان مرکز)
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد خیبرپختونخوا کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔
بدھ کو سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 ہزار فوڈ پیکجز خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں، جنہیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے شفاف اور منظم انداز میں تقسیم کیا جائے گا۔
یہ امدادی سامان اسلام آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کے دوران روانہ کیا گیا، جس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر سعودی سفیر اور پاکستانی وزیر نے مشترکہ طور پر سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے فراہم کردہ امدادی پیکجز میں خوراک اور رہائش کے مکمل انتظامات شامل ہیں۔ ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں آٹا، چاول، دالیں، چینی، چائے اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
یہ پیکجز 70 ہزار سے زائد متاثرین کو ایک ماہ تک خوراک فراہم کرنے کے لیے کافی ہیں۔ شیلٹر کٹس میں خاندانوں کے لیے خیمے، بستر، کمبل اور دیگر بنیادی رہائشی ضروریات شامل ہیں تاکہ بے گھر افراد کو فوری سہارا مل سکے۔
یہ امداد مجموعی طور پر 10 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی ہے اور یہ براہِ راست خیبرپختونخوا کے ان علاقوں تک پہنچائی جائے گی جو حالیہ کلاوڈ برسٹ اور بارشوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

 

شیئر: