Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان ریلیف کی پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں چار ہزار متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان کی تقسیم

کنگ سلمان ریلیف نے پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں چار ہزار متاثرہ خاندانوں میں شیلٹر این ایف آئی کٹس کی تقسیم مکمل کر لی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کنگ سلمان ریلیف نے کشمیر کے سات اضلاع میں قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں میں 4,000 شیلٹر، نان فوڈ آئٹمز کٹس کی تقسیم کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔
ان اضلاع میں مظفرآباد میں 325 کٹس، وادی جہلم میں 542 کٹس، نیلم میں 433 کٹس، کوٹلی میں 766 کٹس، بھمبر میں 151 کٹس، پونچھ میں 881 کٹس، اور حویلی میں 902 کٹس تقسیم کی گئیں۔
بیان کے مطابق ’یہ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی سرگرمی کشمیر کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے قریبی اشتراک سے انجام دی گئی تاکہ امداد کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔‘
ریلیف سینٹر کے مطابق ہر کٹ میں میں شیلٹر، سولر پینل اور ایل ای ڈی لائٹس، گرم کمبل، پلاسٹک میٹ، کچن سیٹ، واٹر کولر، اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل تھا تاکہ صفائی کو فروغ دیا جا سکے اور بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔
’یہ منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کشمیر اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ اس اقدام سے براہ راست 28155 سے زائد افراد مستفید ہوئے، جو آجموں و کشمیر میں متاثرہ کمیونٹیز کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کشمیر سردار وحید نے کنگ سلمان ریلیف اور مملکت سعودی عرب کا بروقت اور فراخدلانہ تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مظفرآباد میں ہونے والی تقسیم کی ایک تقریب میں شرکت کی جو کنگ سلمان ریلیف اور حکومت کشمیر کے مابین مضبوط تعاون کی عکاسی ہے تاکہ سب سے زیادہ متاثرہ افراد تک امداد پہنچائی جا سکے۔

شیئر: