مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر ریجنوں میں تیز بارش کا امکان
’جدہ، بحرہ اور جموم میں موسم غیر یقینی ہے جہاں بارش کے علاوہ گرد آلود ہوا چلے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے بعض شہروں میں موسمی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’جدہ، بحرہ اور جموم میں موسم غیر یقینی ہے جہاں بارش کے علاوہ گرد آلود ہوا چلے گی‘۔
’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف، جموم، العرضیات، الکامل اور میسان میں کہیں درمیانے درجے کی اور کہیں تیز بارش ہوگی‘۔
’جبکہ مدینہ منورہ شہر کے علاوہ العیص، بدر اور المہد میں بھی بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جہاں مذکورہ شہروں کے علاوہ الحناکیہ، خیبر، العلا، ینبع اور الرایس میں بارش کے علاوہ گرد آلود تیز ہوا چلے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’الباحہ ریجن کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش ہوگی جبکہ بعض شہروں میں تیز ہوا چلے گی‘۔
’جبکہ جازان ریجن کے متعدد شہروں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جہاں جازان شہر کے علاوہ فرسان، ابوعریش، صامطہ، صبیا اور الطوال میں رات 9 بجے تک تیز بارش ہوگی‘۔
’عسیر ریجن کے متعدد شہروں میں بھی یہی صورتحال ہوگی جہاں ابہا، خمیس مشیط، المجاردہ، النماص اور دیگر شہروں میں رات 10 بجے تک تیز بارش ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن اور حائل میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے جہاں گرد آلود ہوا چلے گی‘۔