لندن میں ’بہاری سموسے‘ کی دھوم، دیسی ذائقے کے لیے لمبی قطاریں
انڈیا و پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد سموسے پسند کرتے ہیں (فوٹو: پکسابے)
لندن صرف سٹرابری اور آئس کریم، کافی، فِش اینڈ چپس یا پھر برگرز کا ہی شہر نہیں ہے بلکہ یہاں دنیا بھر کے کھانے ملتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں کھانے کے شوقین افراد میں مقبولیت حاصل کرنے والی ڈشوں میں ’بہاری سموسہ‘ بھی ہے جس نے برطانیہ میں موجود دیسی کھانوں کے شوقین افراد کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق لندن کے علاقے ’ساؤتھ ہیرو اینڈ ویمبلے‘ میں واقع ’گھنٹے والا بہاری سموسہ شاپ‘ کے باہر روزانہ لمبی قطاریں لگتی ہیں جہاں لوگ تازہ، خستہ اور گرم سموسے، پودینے اور املی کی چٹنی کے ساتھ مزے لے کر کھاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ’گھنٹے والا بہاری سموسہ شاپ‘ کی ویڈیوز وائرل ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو نے اب تک اڑھائی کروڑ سے زائد ویوز حاصل کر لیے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہر عمر کے افراد قطاروں میں کھڑے ہیں اور جیسے ہی ان کے ہاتھ میں بہاری سموسہ آتا ہے تو وہ مزے لے کر کھاتے ہیں۔ دکان پر ایک گھنٹی بھی نصب ہے جس کی وجہ سے اس کا نام ’گھنٹے والا بہاری سموسہ‘ رکھا گیا ہے۔
لندن میں آباد دیسی صارفین نے اس دکان کو زبردست پذیرائی دی ہے۔
وائرل ویڈیوز کے نیچے سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے ہیں۔ ایک شخص نے لکھا کہ ’بھائی، آپ نے ہم سب کو فخر دلایا ہے، لندن میں کھڑے ہو کر بہار کے اصل ذائقے کو زندہ رکھا۔ آپ جیسے لوگ بہار کا نام دنیا بھر میں روشن کرتے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بہاری سموسے والے نے تو لندن میں ایک چھوٹا سا انڈیا بنا دیا، کمال ہے۔‘ ویڈیو دیکھنے والے انڈین شہری نے تبصرہ کیا کہ ’یہ سموسہ تو اتنا مزیدار لگ رہا ہے کہ انڈیا کے سموسوں کو بھی پیچھے چھوڑ دے۔‘
بیشتر لوگوں نے سموسے کی تیاری کے عمل کو نہایت صاف ستھرا اور معیاری قرار دیا ہے۔
