سعودی عرب کے عسیر ریجن میں میں ابہا سے 150 کلومیٹر شمال میں واقع تنومہ گورنریٹ ایک منفرد جیولوجیکل اور سیاحتی مقام ہے جو اپنے منفرد قدرتی تنوع اور حیرت انگیز فارمیشن کے لیے جانا جاتا ہے۔
یہ مقامات سعودی وژن 2030 کے تحت سیاحوں، مہم جو افراد اور زمینی سائنسز میں دلچسپی رکھنے والوں کو راغب کرکے قومی معیشت کو متنوع بنانے کے منصوبے کا اہم حصہ ہے۔

سعودی سوسائٹی فار جیو سائنسز بورڈ کے چیئرمین اور کنگ سعود یونیورسٹی کے سیسمک سٹڈیز سینٹر کے ڈائریکٹرعبداللہ العامری نے بتایا’ تنومہ پہاڑ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جو سروات پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے۔‘
اس گورنریٹ کا جغرافیائی علاقہ شمال سے جنوب تک تقریبا 25 کلومیٹر اور مشرق سے مغرب تک 80 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔

تنومہ پہاڑمیں قدرتی خزانے بشمول قیمتی معدنیات موجود ہیں اور یمنی حج روٹ پر واقع ہونے کی وجہ سے یہ ایک شاندار تاریخی اور تجارتی ورثہ رکھتا ہے جو کبھی حجاج کے لیے ایک بڑا تجارتی مرکز تھا۔