رجنی کانت کی فلم ’قلی‘ کی باکس آفس پر دھوم: 11 ویں دن 250 کروڑ انڈین روپے کی کمائی
رجنی کانت کی فلم ’قلی‘ نے ریلیز کے 11 ویں دن انڈیا میں 250 کروڑ انڈین روپے کا بزنس کر لیا ہے۔ لوکیش کنگراج کی ہدایت کاری میں بنی اس کرائم تھرلر فلم نے دوسرے ہفتے کے اختتام پر اچھی کمائی کی، جس نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
اتوار کو فلم نے 10.74 کروڑ انڈین روپے کمائے جبکہ ہفتہ کی کمائی 10.50 کروڑ رہی۔
تاہم جمعہ کو یہ کمائی کم ہو کر 5.85 کروڑ رہ گئی تھی۔
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق فلم کی انڈیا میں مجموعی کمائی 256.75 کروڑ ہو چکی ہے، جس میں سب سے بڑا حصہ تاحال تمل ورژن کا ہے، جس کے بعد ہندی، تیلگو اور کنڑ زبانوں میں ڈب کیے گئے ورژنز کا نمبر آتا ہے۔
’قلی‘ نے لوکیش کنگراج ہی کی 2021 کی فلم ’ماسٹر‘ جس نے 153.93 کروڑ روپے کمائے تھے، کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تاہم، یہ ابھی تک ان کی 2022 کی فلم ’وکرم‘ (کمال ہاسن، وجے سیتھوپتی، فہد فاضل کے ساتھ) کی انڈیا میں کمائی 289.43 کروڑ روپے تک نہیں پہنچ سکی ہے۔
ناقدین کے مطابق فلم کی کمائی کو اس کے 'A' (بالغوں کے لیے) سرٹیفکیٹ نے بھی متاثر کیا ہے۔
سن ٹی وی کی عدالت سے رجوع
فلم کی ریلیز کے بعد، سن ٹی وی نے مدراس ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ فلم رجنی کانت کے 50 سالہ فلمی سفر کی خوشی میں بنائی گئی ہے، اور اس کی سٹار کاسٹ (جس میں ناگرجونا، عامر خان وغیرہ شامل ہیں) کی وجہ سے فلم ’میگا بلاک بسٹر‘ بن چکی ہے۔
لیکن چونکہ فلم کو ‘A’ سرٹیفکیٹ ملا ہے اس لیے، سپر سٹار رجنی کانت کے ایسے بہت سے مداح جو مختلف عمر کے گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں، وہ سینما گھروں میں یہ فلم دیکھنے سے محروم رہ گئے۔
بدھ کے روز، سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نے عدالت کو بتایا کہ سن ٹی وی نےیو اے (U/A سرٹیفکیٹ کے لیے درکار تبدیلیاں کرنے سے انکار کر دیا تھا اور ‘A’ سرٹیفکیٹ کو قبول کیا، جس کے باعث 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے فلم دیکھنا ممنوع ہو گیا۔
سینسر بورڈ کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ جب فلم کو ‘A’ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تو سن ٹی وی نے اسے قبول کرتے ہوئے فلم کو ریلیز کیا، اور اب ایک ہفتے بعد اچانک عدالت سے U/A سرٹیفکیٹ کے لیے اپیل دائر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ایسا ہنگامی نہیں کہ فوراً سماعت کی جائے۔ عدالت نے بورڈ کو 25 اگست تک جواب داخل کرنے کی مہلت دی ہے۔
فلم کی کاسٹ
’قلی‘ رجنی کانت کی 171ویں فلم ہے۔ یہ ان کی ہدایتکار لوکیش کنگراج کے ساتھ پہلی فلم ہے، جو اس سے قبل ’کائی تھی‘، ’ماسٹر‘، ’لیو‘، اور ’وکرم‘ جیسی کامیاب فلمیں دے چکے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک مزدور (قلی) کے گرد گھومتی ہے جو بندرگاہ پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہونے والے استحصال کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔
فلم میں شامل دیگر بڑے ناموں میں ناگرجونا، عامر خان (خصوصی کردار میں)، شروتی ہاسن، سوبن شاہیر، اپیندرا، ستھیاراج شامل ہیں۔