Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی الوداعی ملاقات

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے الوداعی ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا (فائل فوٹو: پی ایم او)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے پیر کو شام جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی مضبوطی کے لیے ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔‘
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے پر ان کی قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد از جلد عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں، اس سے فریقین کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
بیان کے مطابق ’متحدہ عرب امارات کے سفیر نے الوداعی ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے نو سالہ قیام کے دوران حکومت کے ساتھ ساتھ ملک کے عوام کی طرف سے ملنے والی حمایت اور دوستی کے بے حد مشکور ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان دوستی کے خصوصی رشتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مضبوط تعلقات کے لیے کام کرتے رہیں گے۔‘

 

شیئر: